اسلام آباد: سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ مالدیپ اور سری لنکا منسوخ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ مالدیپ اور سری لنکا منسوخ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے 2 مئی کو ایک روزہ دورہ مالدیپ جبکہ 3 سے 5 مئی تک سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم سری لنکا میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے پر دورہ منسوخ کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دوسری بار منسوخ کیا گیا ہے، اس سے قبل وزیر خارجہ کو مارچ کے پہلے ہفتے میں سری لنکا جانا تھا۔
وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دہشت گردی سے پہلے شیڈول کیا گیا تھا، تاہم اب سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے بعد صورتحال تاحال معمول پر نہیں آئی جس کی وجہ سے ان کا دورہ منسوخ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں خوفناک دھماکے ہوئے تھے۔
واقعے کے نتیجے میں 259 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔