اسلام آباد: پاکستان نے کھوئی رٹہ، بٹل سیکٹرز سمیت لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ روز سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے باعث 4 شہری شہید اور 7 زخمی ہوئے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت 2003 کے سمجھوتے کی پاسداری کرے۔ علاوہ ازیں سارک فورم کے ذریعے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔
اعلامیہ میں سارک ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کو پابند بنایا جائے کہ وہ سیز فائر کا احترام کریں، شہری آبادی کو نشانہ نہ بنائیں اور ایل او سی پر امن کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 222 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے باعث 26 معصوم شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔