اسلام آباد: دفترِخارجہ نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترِخارجہ طلب کرکے سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی پرپاکستان کے تحفظات کا اظہارکیاہے۔
تفصیلات کے مطابق دفترِخارجہ میں معمورڈائریکٹرجنرل برائے جنوبی ایشیا ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارت کے قائم مقام نائب ہائی کمشنررگھورام کو طلب کیا اور آٹھ اکتوبر 2015 کو سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی پر تشویش کا اظہارکیا۔
دفترِ خارجہ کا موقف تھا کہ ٹرین کی منسوخی کے سبب پاکستان اوربھارت کے 200 سے زائد مسافروں کو پریشانی سامنا ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حکومت پریشان بھارتی مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جنہیں گزشتہ روز بھارت میں داخلے کی اجازت دینے سے انکارکی گیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ بھارت کی جانب سے اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آئے گا اوربھارت دونوں جانب کے مسافروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر روا نہیں رکھے گا۔
واضح رہے کہ بھارت میں کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لئے ریل روکو تحریک جاری ہے جس کے سبب سمجھوتا ایکسپریس کو بھارت میں داخلےسے روکا گیا۔