اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے، بھارت 9 لاکھ فوج کے ساتھ انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کا متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت کشمیر پر ناجائز طور پر قابض ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ فوج کے ساتھ بھارت انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ وادی میں جبر کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا واحد حل کشمیری عوام کا حق خود ارادیت ہے۔