اسلام آباد : پاکستان نے امریکا بھارت انسداد دہشت گردی ورکنگ گروپ کے بیان کومستردکردیا اور کہا پاکستان میں سرحد پار دہشت گردی میں بھارت کی سرپرستی اور تعاون ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے امریکا بھارت انسداد دہشت گردی ورکنگ گروپ کے مشترکہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بیان پر سنگین خدشات سے امریکا کو آگاہ کر دیا گیا، شراکت دار ممالک جنوبی ایشیامیں امن کےامور کا معروضی نظریہ اپنائیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری واقف ہے پاکستان سرحد پار دہشت گردی سے زیادہ متاثرہوا، پاکستان میں سرحد پار دہشت گردی میں بھارت کی سرپرستی اور تعاون ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں،کامیابیوں کو تسلیم کرتی ہے، پاکستان نے بار بار اس بات کی نشاندہی کی ہے ، جنوبی ایشیا میں امن کو بھارتی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سےخطرہ ہے، اس میں اقلیتوں، مقبوضہ کشمیر میں اس کی ریاستی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ خطے میں پاکستان اور دیگر ممالک کے خلاف اس کی لڑائی بھی شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ اپنا رخ موڑے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ کردار ادا کرنے سے باز رہے’۔