جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ترجمان دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کے ملک چھوڑنے کی تصدیق کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کے ملک چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا آسیہ بی بی آزاد شہری تھیں اپنی مرضی سے چلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے آسیہ بی بی کے ملک چھوڑنے کی تصدیق کردی اور کہا آسیہ بی بی آزاد شہری تھیں اپنی مرضی سے چلی گئیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا بھارت دفاعی بجٹ میں اضافہ خطےکو اسلحے کی دوڑ میں لے جانے کی کوشش ہے، بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ صرف بجٹ میں اضافےسے کچھ نہیں ہوتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا 27 فروری کو دفاعی بجٹ میں اضافہ کی اہمیت تو پتہ چل ہی گئی ہوگی، اپنے وطن کی سالمیت کی حفاظت کا جذبہ اہم ہوتا ہے، بھارتی ہائی کمشنر کی سیکرٹری خارجہ کی ملاقات معمول کے روابط کا حصہ ہے۔

ترجمان کا ہفتہ واربریفنگ میں کہناتھا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کامعاملہ اٹھاناہماری ذمہ داری ہے، پاکستان، بھارت سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔

لیبیا کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے کہا لیبیا میں صورتحال بہت خراب ہے،اقتدارکی جنگ جاری ہے، پاکستانی مشن لیبیا میں اپنے شہریوں کی حفاظت،مددکیلئےاقدامات کر چکاہے، لیبیامیں پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانے نے رجسٹرڈ کرلیاہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایمرجنسی کیمپ اور سفری اقدامات کیےگئے ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں :  آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ، سفارتی ذرائع نے تصدیق کردی

یاد رہے گذشتہ روز سفارتی ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ توہین مذہب کیس میں بری ہونے والی آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ہوگئیں، ابتدائی معلومات کے مطابق آسیہ کینیڈا روانہ ہوئی۔ بعد ازاں آسیہ بی بی کے وکیل نے بھی اس بات کی تصدیق کردی تھی۔

واضح رہے 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ میں توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کے خلاف آسیہ مسیح کی اپیل پر فیصلہ سناتے چیف جسٹس نے کلمہ شہادت سے آغاز کیا اور لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے آسیہ بی بی کو معصوم اور بے گناہ قرار دیا تھا اور رہائی کا حکم دیا تھا، فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو نو سال بعد ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں