اسلام آباد: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا جہاں ان سے گزشتہ روز ہونے والی بھارتی فائرنگ سے 75 سالہ خاتون کی شہادت پر احتجاج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج سہہ پہر دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ یہ طلبی بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون کی شہادت کے باعث کی گئی۔
طلبی کے موقع پر پاکستان نے بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی جبکہ مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارت سے شدید احتجاج بھی کیا گیا۔
اس موقع پر احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 75 سالہ محمودہ بیگم شہید ہوگئیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بنکرز کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔