لاہور : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے ، شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موسم تبدیل ہوتے ہی پنجاب کے مختلف شہر دھندلا گئے، لاہور میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ سکھیکی ،جلال پور بھٹیاں،پنڈ ی بھٹیاں اور فیصل آبادسمیت مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔
سکھیکی شہر اور گردونواح میں دھند کا راج ہے ، حد نگاہ سو میٹر رہ گئی جبکہ موٹر وے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں سے خانگا ڈوگراں تک دھند چھائی ہوئی ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ، ڈرائیورحضرات فوگ لائٹس کااستعمال کریں۔
مزید پڑھیں : لاہور میں سردیوں کے آغاز سے قبل ہی دھند کا راج
موٹروے پولیس کا کہنا ہے ڈرائیور تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ون تھری زیرو پر کال کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، لاہور،اسلام آ باد،پشاورسمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور کو ئٹہ،مری،گلگت میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ صبح کے اوقات میں پنجاب کےمیدانی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے کہ ماہرین موسمیات و ماحولیات رواں برس ایک بار پھر لاہور کے زہریلی اسموگ کا شکار ہونے کی پیشن گوئی کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں
گزشتہ سال اس زہریلی اسموگ نے لاہور اور بھارتی شہر نئی دہلی سمیت دنیا بھر کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کی وجہ سے کاروبار زندگی معطل ہوگیا اور اسکول کالجز بند کردیے گئے تھے۔
یہ زہریلی اسموگ دراصل دھند ہی تھی جو بدترین فضائی آلودگی اور کاربن کے اخراج کے ساتھ مل کر جان لیوا زہریلی اسموگ کی شکل اختیار کر گئی