لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے جس کے باعث معمولات زندگی متاثر جبکہ موٹرویز بھی بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرہ، پنڈی بھٹیاں اور سکھیکی میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 پنڈی بھٹیاں سے شیخوپورہ تک بند ہے۔
ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ ایم 3 فیصل آباد سے گوجرہ تک شدید دھند کے باعث بند ہے جبکہ لاہور سے اسلام آباد جانے والے شہری جی ٹی روڈ پر سفر کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب ملک میں سردی نے انٹری ڈال دی، بالائی علاقوں میں شدید ٹھند اور برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دو روز قبل محکمہ موسمیات نے گلگت اور اسکردو میں بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
علاوہ ازیں کوئٹہ، قلات اور دیر میں سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں بھی سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا ہے، رات گئے ہلکی ٹھنڈ اور دھند نے شہریوں کو گھروں میں قید کردیا۔