کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑی فواد عالم نے کہا ہے کہ لوگوں سے ملنے والا پیار میری محنت کے لیے کافی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ میرے اندر جو برداشت اور صبر کا عنصر ہے اس کا سارا کریڈٹ میرے والد طارق عالم کو جاتا ہے جو خود بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔
فواد عالم کا کہنا تھا کہ ’میرے والد مجھے فائٹر کہہ کر بلاتے ہیں، فرسٹ کلاس میں پرفارم کر کے لوگوں کا جو پیار حاصل ہوتا ہے وہ میری محنت کے لیے کافی ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے کھیلنا یا نہ کھیلنا اہم بات تو ہے مگر میری حوصلہ افزائی والد اورعوام کرتے ہیں، والد مجھے کبھی مایوس نہیں ہونے دیتے ہمیشہ کچھ کرنے کا حوصلہ دیتے ہیں، یہی ساری باتیں میری سوچ کو مثبت رکھتی ہیں‘۔
مزید پڑھیں: فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈبل سنچری بنا ڈالی
فواد عالم نے سلیکشن بورڈ کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرنے کے سوال پر کہا کہ ’میں ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھوں گا اور بہتر کھیل پیش کروں گا‘۔
https://www.facebook.com/arysports.news/videos/740686843118460/
یاد رہے کہ فواد عالم نے حال ہی میں ڈبل سنچری بنا کر ڈومیسٹک میں 12 ہزار رنز مکمل کیے اور انہیں اب امید ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی سری لنکا کے ساتھ ہونے والی سیریز میں منتخب کرے گی۔