مدینہ منورہ میں پیغمبر ﷺ کے نقش قدم پر منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نبی آخر الزماں ﷺ کے وقت ہجرت مقامات کو نمایاں کرنا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق مدینہ ریجن کے امیر سلمان بن سلطان نے ایک نئے منصوبے ’’پیغمبر ﷺ کے نقش قدم پر‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ہجرت کے وقت نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ نے جن مقامات سے مکہ سے مدینہ تک سفر کیا، ان کو نمایاں کرنا اور امت مسلہ بالخصوص نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیغمبر کے نقش قدم پر منصوبہ مکہ اور مدینہ کے درمیان 470 کلومیٹر طویل راستے میں موجود 41 تاریخی مقامات کی بحالی پر مبنی ہے، جس میں 5 انٹرایکٹو اسٹیشن ہیں، جو ہجرت کے اہم واقعات بیان کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مخصوص ’’ہجرت میوزیم‘‘ بھی بنایا گیا ہے، جو اس اسلامی تاریخ کے اہم باب کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب مدینہ منورہ میں واقع احد پہاڑ کے قریب ہوئی۔ مدینہ ریجن کے امیر سلمان بن سلطان نے اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ پروقار تقریب میں مکہ ریجن کے نائب امیر سعود بن مشعل سمیت دیگر علما اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے مدینہ ریجن کے امیر سلمان بن سلطان نے خطاب کرتے ہوئے سعودی حکومت کی جانب سے حرمین شریفین کے تحفظ اور ترقی کے عزم کو اجاگر کیا اور شروع کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس منصوبے کو اسلامی تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے قیادت کے عزم کا مظہر قرار دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا مقصد یہاں آنے والے زائرین اور سیرتِ نبویﷺ کے درمیان تعلق مضبوط کرنا، ان کے روحانی سفر کو مزید بامعنی بنانا اور ان کے ذاتی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔ اس منصوبے سے زائرین کو نبی کریمﷺ کے نقش قدم پر چلنے کا موقع ملے گا اور ان نشانیوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا، جو پیغمبر اسلامﷺ کی عظیم ہجرت سے جڑی ہوئی ہیں۔
مدینہ ریجن کے امیر سلمان بن سلطان نے مزید کہا کہ "پیغمبر کے قدموں میں” اہم اسلامی ورثہ مقامات کی بحالی اور فعال کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ اقدامات سعودی عرب کی اپنی بھرپور مذہبی اور ثقافتی میراث کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس موقع پر جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے تصدیق کی کہ پیغمبر کے نقش قدم پر’ کا باضابطہ آغاز نومبر میں ہوگا اور یہ 6 ماہ تک جاری رہے گا۔