نرمل: ایک ایسے وقت میں جب بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم کے سنگین واقعات رپورٹ ہونے پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ نرمل سے سفاکیت کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیلیوری بوائے نے ایک خاتون کو گھر میں تنہا دیکھ کر اس کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی۔ یہ شرمناک واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع نرمل میں رونما ہوا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے آن لائن آرڈر دیا تھا جس کو پہنچانے کیلئے ڈیلیوری بوائے اسکے گھر پہنچا، اس وقت خاتون گھر میں تنہا تھی، خاتون کو گھر میں تنہاپاکر ڈیلیوری بوائے نے خاتون سے دست درازی کی کوشش کی۔
خاتون نے اس موقع پر چلانا شروع کردیا، شور ہونے پر ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔ ملزم کی شناخت 23سالہ وگنیش کے طورپر ہوئی ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب بھارت کے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس کے متعلق اطلاعات ہیں کہ اسپتال میں ایک خاتون جونیر ڈاکٹر پر حملے کا واقعہ رونما ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایمرجنسی وارڈ میں خاتون جونیر ڈاکٹر پر ایک مریض کے رشتہ دار نے حملہ کردیا۔ تاہم فوری طور پر حملہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
بھارت: اسپتال میں خاتون ڈاکٹر پر حملے کی ویڈیو سامنے آگئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض کے رشتہ دار نے جونیر ڈاکٹر کے ساتھ بحث و تکرار کرنے کے بعد اس کا اپران کھینچ کر اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر ساتھ موجود ڈاکٹروں نے فوری طور پر حملے کو ناکام بنادیا۔