اسلام آباد: زرعی اجناس والے ملک پاکستان کا غذائی ضروریات کے لیے درآمدات پر انحصار میں اضافہ ہو گیا ہے۔
رواں مالی سال کے 7 ماہ میں غذائی اشیا کی درآمدات 1 ہزار 275 ارب روپے سے زائد ریکارڈ کی گئی ہیں، جولائی تا جنوری 175 ارب روپے سے زائد کی 9 لاکھ میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر دالوں کی درآمد میں 18.91 فی صد اضافہ ہوا، سات ماہ میں 18 لاکھ 86 ہزار میٹرک ٹن سے زائد پام آئل درآمد کیا گیا، پام آئل کی درآمدی لاگت 524 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
جولائی تا جنوری 36 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کے مسالے درآمد کیے گئے، سات ماہ میں 101 ارب روپے سے زائد کی چائے منگوائی گئی، اسی عرصے میں 28 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کے خشک میوہ جات منگوائے گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق خشک میوہ جات کی درآمد میں سالانہ بنیادوں پر 117 فی صد اضافہ ہوا ہے۔