کراچی: گوشت کے بے جا استعمال اور جگہ جگہ گندگی سے کراچی کے شہری بے بیمار ہونے لگے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فوڈ پوائزنگ کے کیسز میں خوفناک حد تک اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے، گزشتہ تین روز میں صرف ایک سرکاری اسپتال میں 1700 سے زائد فوڈ پوائزنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 1700 سے زائد گزشتہ تین روز میں فوڈ پوائزنگ کے کیسز تاحال رپورٹ ہو چکے ہیں، عید کے دوسرے روز 400، تیسرے روز 600 جبکہ گزشتہ روز 670 سے زائد فوڈ پوائزنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسپتال انتظامیہ کا بتایا ہے کہ تمام مریضوں کی عمر 12 سال سے زائد ہے، گوشت کے بے جا استعمال اور جگہ جگہ آلائشوں سے ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ریڈ میٹ کا ایک مخصوص حد سے زائد استعمال خطرناک ہوسکتا ہے لہٰذا کھانے اڑاتے وقت احتیاط کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھنا لازم ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کھانے میں ہاتھ پر قابو رکھنے کے ساتھ ساتھ فریزر میں رکھے گوشت کے دورانیے پر بھی نظررکھنے کی ضرورت ہے، مخصوص مدت کے بعد گوشت میں بیکٹیریل ری ایکشن شروع ہوجاتا ہے جو کہ کھانے والوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔
دل اور جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو گوشت کھانے کے معاملے میں خصوصی احتیاط برتنا ہوگی۔