لندن : برطانیہ میں رواں برس موسم کی شدت کے سبب آنے والے مہینوں میں گوشت ، سبزی اور ڈیری پراڈکٹس کی قیمتوں میں کم از کم پانچ فیصد اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ایک ادارے کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ رواں سال کے طویل اور انتہائی سرد موسمِ سرما اور اس کے بعد آنے والی ہیٹ ویو کے سبب صارفین کو ہر ماہ اضافی سات پاؤنڈ صرف اشیائے خورد و نوش کی خریداری میں خرچ کرنا پڑرہے ہیں۔
اس صورت حال میں کسانوں کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ مٹر، آلو اور سلاد پتا مزید مہنگے ہوں گے ۔ خیال رہے کہ سبزیوں کی ہول سیل قیمت ویسے ہی رواں سال کے آغاز پر اسی فیصد اوپر جا چکی ہے۔
برطانیہ کے سینٹر آف اکانومکس اینڈ بزنس ریسرچ کا کہنا ہے کہ اشیا کی قیمتوں میں یہ اضافہ آئندہ اٹھارہ ماہ میں صارفین پر اثر اندا زہونا شروع ہوگا۔ تاہم حالیہ ہیٹ ویو کے بعد سے اس کے اثرات صارفین پر مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔