بریانی چاہے بیف ہو یا چکن کراچی والوں کی من پسند ڈش ہے، شہر قائد کی شادیاں اور فوڈ اسٹریٹ کے کھانے اس کے بغیر ادھورے سمجھی جاتے ہیں۔
آج اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں بریانی ایکسپرٹ اور شیف فاطمہ شیراز نے شہر کراچی کی فوڈ اسٹریٹ اسٹائل کی ذائقے دار چٹخارے دار چکن بریانی بنانے کی ترکیب بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ویسے تو اس میں وہی اجزاء استعمال ہوں گے جو ہر بریانی میں استعمال ہوتے ہیں لیکن اس کی تیاری کے دوران جو مخصوص ٹپس ہیں وہ میں نے ایک مشہور پکوان ہاؤس سے سیکھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پکوان ہاؤسز میں بریانی کیلیے جو خفیہ مسالحے استعمال کیے جاتے ہیں آج میں اس کے بارے میں ناظرین کو بتاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ پکوان ہاؤسز والوں کا بریانی کو تہہ لگانے کا ایک خاص طریقہ ہوتا ہے اور اس کا مخصوص مسالحہ بھی ہوتا ہے جسے وہ استعمال کرتے ہیں، جب ہم بریانی کی تہہ لگاتے ہیں تو سارا کام اسی کا ہوتا ہے۔
بریانی کی تہہ لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ جب اس کا قورمہ بنایا جاتا ہے تو اس میں آئل تھوڑا زیادہ رکھاجاتا ہے لیکن قورمے کی تہہ لگانے سے پہلے اس کی ساری تری نکال کر سائیڈ پر رکھ دیتے ہیں۔
یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ قورمے کی صرف ایک ہی تہہ لگانی ہوتی ہے دوسری نہیں، قورمہ بچھا کر اس کے اوپر پودینہ ہری مرچیں اور خفیہ طریقہ یہ ہے کہ اگر بازار والا ذائقے چاہیے تو اس کے اوپر بہت سارا چاٹ مسالحہ چھڑک دیں۔
اس کے بعد سارے چاول ڈال کر اس کے اوپر گھی تلی ہوئی پیاز زردے کے رنگ کی لیئر اور جو تری ہم نے نکالی تھی وہ پھیلا دیں اس کے بعد دم پر رکھ دیں اور پھر مکس کرلیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ چاٹ مسالحہ ہی گیم چینجر ہے جو فوڈ اسٹریٹ جیسی بریانی کا راز ہے اور جو اوپر زردے کے رنگ اور تری کی لیئر لگائی ہے اس سے یہ ہوگا کہ اس کی شکل زعفرانی بریانی جیسی ہوجائے گی۔