ملک کے بالائی اور سرد علاقوں میں ایک طرف تو موسم سرما اور بے موسم کی برف باری کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تاحال شدید گرمی نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔
ویسے تو دھوپ سے بچنے کے لیے بہترین سن بلاک، دھوپ کے چشمے اور ہیٹس یا پی کیپس کا استعمال ضروری ہے تاہم کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں جو اندرونی طور پر جسم کو دھوپ کی مضر شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہیں اور جسم میں نمی کی مقدار کو بھی معمول کی سطح پر رکھتی ہیں۔
مزید پڑھیں: شدید گرمی کے موسم میں احتیاطی تدابیر
آئیں دیکھیں وہ کون سی غذائیں ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی مدافعتی قوت کو مضبوط کرتے ہیں جس سے یہ سورج کی شعاعوں سے لڑنے کے قابل ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں معاون
گاجر
گاجر میں موجود کیروٹینائیڈز جلد کو دھوپ کی براہ راست شعاعوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ خاص طور پر وہ لوگ جو دن بھر کھلی فضا اور دھوپ میں کام کرتے ہوں انہیں گاجر کو لازمی اپنی خوراک کا حصہ بنانا چاہیئے۔
مزید پڑھیں: گاجر کا رنگ سرخ کیوں ہے؟
پھول گوبھی
پھول گوبھی میں شامل پولی فینولز تیز دھوپ سے ہوجانے والی سوزش سے بچاتے ہیں۔ یہ جسم میں جا کر نہ صرف کینسر کے خلیات کی تشکیل کو روکتی ہے بلکہ جلد کو دھوپ سے خراب ہونے سے بھی بچاتی ہے۔
گوبھی کو سلاد کے ساتھ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ترش پھل
ترش پھل جیسے نارنگی، لیموں اور گریپ فروٹ وغیرہ وٹامن سی بھرپور ہوتے ہیں جو جلد کے لیے بہترین ہیں۔
یہ دھوپ سے جھلسنے والی جلد کو معمول کی حالت پر واپس لے آتے ہیں جبکہ یہ تابکار شعاعوں سے فعال ہونے والے جسم میں کینسر کا سبب بننے والے خلیات کی بھی روک تھام کرتے ہیں۔
زیتون کا تیل
وٹامن ای، صحت کے لیے مفید چکنائی اور پولی فینولز سے بھرپور زیتون کا تیل آپ کی جلد کو دھوپ سے جھلسنے اور خراب ہونے سے بچاتا ہے۔
زیتون کے تیل کا ایک چمچہ اپنے کھانوں یا سلاد میں شامل کرلیں جبکہ تیار شدہ کھانے پر بھی زیتون کے تیل کا چھڑکاؤ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: زیتون کے تیل کے حیرت انگیز فوائد
سبز چائے
سبز چائے یا گرین ٹی میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس جنہیں ای جی سی جی کہا جاتا ہے دھوپ کی تابکار شعاعوں سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سبز چائے ۔ صحت کا پوشیدہ خزانہ
اخروٹ
اخروٹ کی تاثیر یوں تو گرم ہوتی ہے تاہم یہ جلد کو دھوپ کی تابکار شعاعوں سے لڑنے میں مدد دیتی ہے اور جلد کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ دھوپ سے متاثر ہونے والے خلیات کی مرمت کرسکے۔
مزید پڑھیں: اخروٹ دل کے امراض سے بچانے میں معاون
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔