کراچی: مسلح لٹیروں کی دیدہ دلیری سے کی جانے والی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آ سکی، دودھ کی ایک اور دکان میں لوٹ مار کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
کراچی میں راہگیروں اور مختلف کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ دودھ کی دکانوں میں بھی لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، 2 مسلح لٹیروں نے 18 جون کو جہانگیر روڈ پر دودھ کی ایک دکان میں لوٹ مار کی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے۔
فوٹیج میں دونوں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جو اسلحے کے زور پر دکان سے ہزاروں روپے کی نقدی اور موبائل فونز لے اڑے۔ لٹیروں نے دکان پر آئے خریدار اور ڈبل روٹی سپلائر سے بھی لوٹ مار کی۔
متاثرہ دکاندار اعظم نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا، آئے روز لوٹ مار معمول بن چکی ہے، کوئی روکنے والا نہیں ہے۔