ماسکو : فٹبال ورلڈ کپ کے میچ میں سوئیڈن نے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے شکست دے دی، سوئیڈش ٹیم کی ورلڈ کپ میں افتتاحی میچ کی یہ پہلی فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کے پانچویں روز بھی سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج ہونے والے پہلے میچ میں سوئیڈن نے جنوبی کوریا کو ایک گول سے شکست دے دی۔
سوئیڈن اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے گئے لیکن کسی ٹیم کو کامیابی نہ ملی۔ میچ کا واحد گول پینسٹھویں منٹ میں سوئیڈش کپتان ایندریاس گریگ ویسٹ نے پنالٹی کک پر اسکور کیا۔
یاد رہے کہ سوئیڈش ٹیم 1958 کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈکپ میں اپنا افتتاحی میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ میں آج مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگا۔
ایونٹ میں آج چھ ٹیمیں قسمت آزمائیں گی، گروپ ایف میں سوئیڈن اور جنوبی کوریا میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ اس کے علاوہ گروپ جی میں بیلجئیم اور پاناما کی ٹیموں میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
بیلجئیم کو میچ میں فیورٹ قرار دیا جارہا ہے، دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا، آج کے تیسرے میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور تیونس کی ٹیمیں قسمت آزمائیں گی۔ تمام ٹیموں کے لئے ایونٹ کے ابتدائی میچز اہم ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔