صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ پہلی بار تاجر برادری عید سیزن میں انتہائی پریشان رہی ملکی تاریخ میں عید کی خریداری میں 50 فیصد تک کمی ہوئی۔
ایک بیان میں اجمل بلوچ نے کہا کہ غریب عوام میں اشیائے ضروریہ خریدنےکی بھی سکت نہیں رہی جن کے پاس پیسہ ہے ان کی خریداری کےلئےسامان نہیں ملک میں ایک طبقہ غیر ملکی سامان کا خریدار ہے امپورٹ بند رہنے سے بھی تاجر برادری کا بےپناہ نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ رامٹیریل کی امپورٹ نہ ہونے سے انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچا حکومت ڈالرکی اڑان اور پیٹرول کی قیمت کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، حکومت صرف اور صرف اپنی سیاست بچانےمیں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکاہے آخر ایسا کب تک چلے گا عوام کی مشکلات کا کسی کو احساس ہی نہیں ملک کو اس سیاسی دلدل سے نکالنے کا واحد حل شفاف الیکشن ہیں۔