اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نواز کے سیکریٹری جنرل احسن کو فارن فنڈنگ کیس میں دو جون کو شواہد اور ثبوت کے ساتھ طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ نواز کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو نوٹس جاری کردیا، الیکشن کمشین نے احسن اقبال کو شواہد کے ساتھ طلب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ احسن اقبال تمام شواہد اور ثبوت اسکروٹنی کمیٹی کو پیش کریں اور وہ خود یا وکیل کے ذریعے سماعت میں پیش ہوسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ عدم پیشی کی صورت میں احسن اقبال کی غیر حاضری میں فیصلہ کریں گے، خیال رہے کہ احسن اقبال نے خط میں فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ جات کی اسکروٹنی کیلئے 3 جون کو طلب کیا ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات میں این اے 200 لاڑکانہ سے کامیابی حاصل کی تھی اور کاغذات نامزدگی کے ساتھ اثاثہ جات کی تفصیل فراہم کی تھی۔