ریاض: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کشیدگی، خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ریاض میں سعودی دفترخارجہ پہنچے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خارجہ اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کشیدگی، خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کے باعث تشویش ہے، کشیدہ صورت حال کواعتدال پر لانے اور خطے کے استحکام کا تحفظ ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ معاملات سفارتی ذرائع بروئےکار لا کر پرامن حل نکالنے پر زور دیا جائے، کوشش ہے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے، بروقت آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو پورا خطہ لپیٹ میں آسکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونے والے روابط سے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئندہ بات ہے ایران،امریکا واضح کرچکے ہیں کہ کشیدگی نہیں چاہتے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہےکہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے، معاملات افہام وتفہیم کے ساتھ، پر امن انداز میں طے کیے جائیں۔
سعودی وریرخارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بحرانی کیفیت پر قابو کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہ محمودقریشی کے دورے اور کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔