لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فعال ہو جائےگا،بہاولپور، ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور اے آئی جی تعینات ہوں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، اے آئی جی کی تعیناتی کے لیے پوسٹوں کی منظوری دے دی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا،سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے فنڈ اپنے حلقوں میں لگائے،ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے عوامی مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم نے لوکل باڈیز کے نظام کو جلد از جلدفعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ مقامی حکومتوں کے الیکشن کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔