اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کا اعترافی بیان پاکستان میں بھارت کی مداخلت، تخریب کاری اور دہشت گردوں کو مالی معاونت دینے کا ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت اور تخریب کاری کا ثبوت کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو مالی مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں حقیقت ہیں۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔ امریکا سمیت عالمی برادری کو ایل اوسی کشیدگی پر تشویش ہے۔
نیپال میں لاپتہ ہوجانے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل حبیب کے معاملے پر ترجمان کا کہنا تھا کہ نیپالی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن سے بھی معاونت کے لیے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں بننے والے اتحاد کا حصہ ہیں۔ اتحاد کے ٹی او آرز اور دیگر چیزیں طے ہونا باقی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔