اسلام آباد: پاکستان نے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے 1 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے ڈھائی کلومیٹر اندر پاکستانی علاقے میں ہونےوالے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پاکستان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ اس نوعیت کے حملے پاکستان کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس نوعیت کے حملوں سے مقامی آبادی میں عدم اعتماد کا تاثر ابھرتا ہے۔ لہذا پاکستان اس قسم کے حملوں کے مکمل خاتمے کے لئے اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے۔
شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ
واضح رہے کہ امریکی ڈرون طیاروں نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ایک اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا جس میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی جبکہ حملے میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔