پاکستان نے بھارت کے شاہین میزائل سے متعلق بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کے شاہین میزائل سے متعلق بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میدیا کا شاہین میزائل سے متعلق پروپیگنڈا حقائق کے منفافی ہے۔ بھارتی فوج نے ویڈیو جاری کی اور پھر جھوٹا دعویٰ پکڑےجانے پر خود ہی ڈیلیٹ کر دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی خاموشی جعلی ویڈیو پر سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ بھارتی ناکامیوں کو چھپانے کیلیے بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے صرف فتح میزائل، لانگ رینج ڈرونز اور آرٹلری استعمال کی۔ استعمال شدہ ہتھیاروں کی تفصیل آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے جھوٹے دعوے خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور بھارتی میڈیا کا رویہ پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر جھوٹے دعوے بھارتی فوج کے ایکس ہینڈل سے جاری ویڈیو کے بعد سامنے آئے۔ بھارتی فوج کی ویڈیو میں مبینہ طور پر شاہین میزائل کے استعمال کو دکھایا گیا تھا۔ بھارتی فوج نے غلطی کا احساس ہونے پر فوری گمراہ کن ویڈیو حذف بھی کر دی تھی۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بھارتی میڈیا کے چند حلقے بغیر تصدیق جھوٹے بیانیے کو ہوا دے چکے تھے اور افسوس کی بات ہے کہ بعض بھارتی ادارے اب بھی جھوٹ پھیلانے میں مصروف ہیں۔