اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان لیبیا کی تمام تر صورت حال کو مانیٹر کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا میں بگڑتی صورت حال پر ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان لیبیا کی صورت حال کا بہ غور جائزہ لے رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے شہریوں کی حفاظت مد نظر رکھ کر سفارت خانے کاعملہ واپس بھجوا دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے لیبیا میں موجود اپنے شہریوں کو شورش زدہ علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ نے لیبیا میں موجود پاکستانیوں سے سفارت خانے میں خود کو رجسٹرڈ کرانے کی بھی اپیل کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیبیا میں رہنے والے پاکستانی جنگ زدہ علاقوں سے دور رہیں: دفتر خارجہ
خیال رہے کہ تین دن قبل بھی دفتر خارجہ کی جانب سے لیبیا میں رہنے والے پاکستانیوں کو جنگ زدہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان اور دیگر ممالک سے سفر کرنے والے پاکستانی لیبیا کے سفر سے گریز کریں۔
دفتر خارجہ اور تریپولی میں پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے کرائسز مینجمنٹ سیل اور ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر قبضے کے لیے متحارب دھڑوں کے درمیان دو ہفتوں سے لڑائی جاری ہے، حالیہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب لیبیا کے مشرقی حصے میں قائم متوازی حکومت کے حامی فوجی دستوں نے گزشتہ ہفتے مغرب میں واقع دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی۔