اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو دلیر افواج نے فوری کاروائی کرکےپیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی، حکومت، افواج اور عوام دشمن کی کسی مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم فخر سے پاکستان کابھارت منہ توڑ جواب یادکر رہی ہے، 26 فروری 2019 کوبھارت نے ہوائی حملے کیے، حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملے پر دلیر افواج نے فوری کاروائی کرکےپیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی، پاک فضائیہ نے 2بھارتی طیارے گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ گرفتار کیا اور دنیا نے دیکھا پاکستان نےایک مرتبہ پھر اپنی علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نےبھرپور جوش و جذبے اور ذمےداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو جذبہ امن کے تحت واپس بھجوا دیا گیا، حکومت،افواج اور عوام کسی قسم کی مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں، علاقائی سالمیت اور خودمختاری کےلیے آہنی ارادے سے کام لیں گے۔
خیال رہے ٹھیک دوسال پہلے آج ہی کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پاکستان میں دراندازی کرنے والے دو بھارتی طیارے مارگرائے اور بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔