اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں خود ساختہ جنگی جرائم کے ٹریبونل اور جماعت اسلامی کے 6 ارکان کی سزا پر تحفظات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ پاک چین تزویراتی مذاکرات کا آٹھواں دور اسلام آباد میں ہوا۔ سیکریٹری خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب سے تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان، جزیرہ نما کوریا اور دیگر عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔ بھارتی قابض افواج کے مختلف آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوئے۔ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو کی بیوی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کی پیشکش کی۔ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کی والدہ کی درخواست موصول ہوئی جس پر دفتر خارجہ غور کر رہا ہے۔
ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں منشیات کی پیداوار پر تحفظات رکھتے ہیں۔ منشیات کی پیداوار دہشت گردی کی مالی امداد میں استعمال ہوتی ہے۔ دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا 43 فیصد علاقہ دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں خود ساختہ جنگی جرائم کے ٹریبونل پر تحفظات رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے 6 ارکان کو سزائے موت پر تحفظات ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مہران مری پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مہران مری کی سوئٹزر لینڈ میں داخلے پر پابندی کا معاملہ سوئس حکام سے اٹھایا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔