اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی جنوبی ایشیا نے گزشتہ روز ہونے والی بھارتی فائرنگ کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور ان سے بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا۔
اس موقع پر احتجاجی مراسلہ بھی جے پی سنگھ کے حوالے کیا گیا۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ میں یہ رواں ہفتے تیسری دفعہ طلبی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز بھی انہیں دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا جہاں ترجمان دفتر خارجہ نے ان سے بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ کل صبح بھارت نے ایک پھر ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کارروائی کے بعد پنجاب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی پوسٹ تباہ کردی۔
اس سے قبل اسی ہفتے 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے۔
اس روز بھی پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اسی روز بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔