اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا جائیں گے، پاکستان کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 126 روز سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ بند ہیں، بھارتی حکومت کسی کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو مسئلہ بھی حل نہیں ہوگا۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں تھی، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی کیس عدالت میں زیر التوا ہے اس پر بات نہیں کر سکتااور پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کا دوبارہ رکن منتخب ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس کے لیے جنیوا جائیں گے، یو این ایچ سی آر اور سوئس حکومت مشترکہ میزبانی کریں گے۔ پاکستان امریکا اور طالبان مذاکرات بحالی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے یکم اور 2 دسمبر کو سری لنکا کا دورہ کیا، وزیر خارجہ نے سری لنکا کی نئی قیادت کو مبارکباد دی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے 17 گولڈ میڈل حاصل کیے۔