اسلام آباد: دفتر خارجہ نے پاکستان میں دہشت گرد قیادت کی موجودگی کی اطلاعات کی تردید کردی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئی معلومات ہیں تو دی جائیں، را اور این ڈی ایس کے نیٹ ورک سے آگاہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ کوئٹہ دھماکے پر افغان سرزمین کے استعمال کا معاملہ افغاب حکومت سے اٹھائیں گے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گرد قیادت کی موجودگی کی اطلاعات کی تردید کرتے ہیں۔ اگر ایسی کوئی معلومات ہیں تو فراہم کی جائیں، پاکستان کارروائی کرے گا۔ ’را اور این ڈی ایس کے نیٹ ورک سے آگاہ ہیں، افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف افغان فورس کارروائی کرے‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ جیسے حملے افغانستان سے ہو رہے ہیں، افغان حکومت اسے روکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ویب سائٹ نے کلبھوشن سے متعلق خبر ہٹا دی۔ خبر دینے والے صحافی کو ہی غائب کر دیا گیا۔ ’پاکستان میں میڈیا آزاد ہے‘۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بھارت کا ہندی زبان رائج کرنے کا معاملہ نیا نہیں۔ اقوام متحدہ میں 6 زبانیں سرکاری طور پر رائج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان باہمی دلچسپی کے معاملات پر رابطے میں ہیں۔ مختلف موضوعات پر دونوں ممالک کی بات چیت جاری ہے۔ ’ہم نے کامیابی سے القاعدہ کو اکھاڑ پھینکا اور امریکا بھی آگاہ ہے۔ ’امریکی قیادت نے اشتعال انگیز بیانات دیے۔ پاکستان بات چیت سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مشیر قومی سلامتی نے سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے تہران کا دورہ کیا۔ ایرانی قیادت سے مشیر قومی سلامتی کی ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت سے مسئلہ کشمیر، سیاچن، سر کریک، عوامی رابطوں، تجارت اور دہشت گردی کی روک تھام پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ’بھارت تیار نہیں، جب وہ تیار ہوں گے تو ہم بات کریں گے‘۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین 4 دہائیوں سے ہمارے مہمان ہیں۔ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت اور مکمل واپسی چاہتا ہے۔ افغان مہاجرین کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ پاکستان میں داعش کی موجودگی کی تردید کرتے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔