ویانا: سیکرٹری خارجہ اعزازاحمد نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا امانو سے ملاقات کی، دونوں اہم شخصیات کے درمیان رواں سال یہ پہلی ملاقات ہے۔
اس موقع پرسیکرٹری خارجہ نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی صلاحیتیں اورتجربہ کارافراد ایٹمی توانائی کے پرامن پھیلاوٗکے لئے انتہائی کارآمد ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے حساس معاملے سے پوری طرح واقف ہے اور اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
ملاقات کے دوران عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹرجنرل امانو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات عالمی معیارات کے مطابق ہیں۔
انہوں نے نیوکلیائی اثاثوں کی حفاظت کے حوالے سے پاکستان کے شاندارریکارڈ کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی توانائی ایجنسی اپنے تکنیکی تعاون پروگرام کے ذریعے پرامن توانائی کے حصول کے فروغ کے لئے ممبر ممالک کی ضروریات کو مکمل کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معاملات میں مستعدی کے ساتھ حصہ لیتا ہے اور باقاعدگی سے ایجنسی کے بورڈ اف گورنرز میں منتخب ہوتا ہے۔