اسلام آباد : سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے مطابق این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت چین نے اصولوی بنیادوں پر کی ہے.
تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کو انٹرویو میں اعزاز چوہدری نے چین کو پاکستان کا دیرینہ دوست قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے حوالے سے چین نے دیگر ممالک کی طرح اصولی موقف اختیار کیا.
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان کو جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کیے بغیر رکنیت دی گئی تو اس سے بری مثال قائم ہوگی.
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی مخالفت کرنے والے ممالک کی طویل فہرست ہے جن سے پاکستان رابطے میں ہے.
اعزاز چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم نے سیئول میں این ایس جی کے اجلاس میں ان ممالک سے بات کی اور ہمیں خوشی ہے کہ سچ کی جیت ہوئی.
یاد رہے کہ این ایس جی اڑتالیس ممالک کا ایک گروپ ہے جس کا مقصد جوہری ہتھیاروں کا تحفظ اور اسے غلط ہاتھوں میں جانے سے بچانے کےلیے کوششیں کرنا ہے.
واضح رہے کہ بھارت نے این پی ٹی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں.