اسلام آباد : سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور قوم نے بتادیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ بات انہوں نے ایئر یونیورسٹی میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی بدولت دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے متحد ہو کر یہ ثابت کردیا ہے کہ نہ تو دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ ہے اور نہ ہی دہشت گردی کی کوئی گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں نئی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جس کے تحت دیکھا جا سکتا ہے کل کے دشمن آج کے دوست بن رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ چین اور روس بھی ایک دوسرے کے قریب ہورہے ہیں جب کہ امریکا اور بھارت کے بڑھتے تعلقات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔
اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک نہیں جان پائے ہیں ہم کس کی جنگ لڑرہے ہیں؟ جس کے لیے ہمیں پالیسی کو وضع کرنا ہوگا اوراپنی ترجیحات متعین کرنا ہوں گی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت خطے میں تیزی سے تبدیل ہوتی سیاسی صورتِ حال کے پیش نظر 4 سے 5 اہم نکات پر اپنی خارجہ پالیسی بنا رہی ہے اور جلد ایک اہم اور متفقہ بیانیہ سامنے آجائے گا۔
اعزازچوہدری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طے کی جانے والی خارجہ پالیسی میں کسی دوسرے ملک کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کو اپنے ملک میں مداخلت کرنے دیں گے کے سمیت تمام ممالک سے دوستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سارک میں شرکت نہ کر کے پاکستان کو نہیں بلکہ سارک کو تنہا کیا ہے اور بھارت کی ضطے میں ابھی وہ پوزیشن بھی نہیں کہ پاکستان کو تنہا کر سکے۔
چوہدری اعزاز احسن نے کہا کہ امریکاکے ڈو مور کو نہیں مانتے جس کے لیے امریکا میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن پاکستانی قوم کواس پروپیگنڈے سےگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔