جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

رائیونڈ روڈ پر غیر ملکی شہری سے ڈکیتی، ڈرائیور شہباز شریف واردات میں ملوث نکلا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: رائیونڈ روڈ پر گزشتہ روز ایک غیر ملکی شہری سے ڈکیتی کے واقعے میں ان کا ڈرائیور شہباز شریف ملوث نکلا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور میں پاجیاں روڈ کے قریب گزشتہ روز ایک غیر ملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کر کے انھیں لوٹنے میں انھی کا ڈرائیور شہباز شریف ملوث نکلا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہری کا ڈرائیور شہباز شریف واردات میں ملوث تھا، ڈاکوؤں نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی، جب کہ غیر ملکی شہری سے واردات کرنے والے 3 ڈاکوؤں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔

- Advertisement -

خیال رہے کہ پاجیاں روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے غیر ملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی تاہم غیر ملکی اور ان کا ڈرائیور اس میں محفوظ رہے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ ڈرائیور کی مزاحمت پر فائرنگ کی گئی تھی، اس واردات میں ڈاکوؤں نے 7 لاکھ کیش، اور ایک کروڑ 40 لاکھ مالیت کے چیک چھینے تھے۔

گزشتہ روز اس واردات کی ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی، مقدمہ غیر ملکی شہری کی مدعیت میں تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق واردات کرنے والے ڈاکوؤں کی تعداد 5 تھی، اور وہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

ڈاکوؤں کی بدقسمتی کہ واردات کے بعد بھاگنے کے دوران ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آ گیا، موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 2 زخمی ہو گئے، پولیس نے انھیں حراست میں لے کر لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی تھی، جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں ہلاک اور زخمی ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، جب کہ واردات میں ملوث دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اس واردات کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی تھی، جس میں دیکھا گیا کہ ڈاکو بیگ چھین کر ساتھیوں کے ساتھ فرار ہو رہے ہیں، اس سے قبل سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان ٹریس کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

اب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اسی فیکٹری کے ملازم ہیں جہاں غیر ملکی شہری کام کرتا تھا، ملزمان نے چند ماہ قبل فیکٹری سے کام چھوڑ دیا تھا، واردات کے وقت ڈرائیور نے پاجیاں چوک پر خود ہی گاڑی روک دی تھی، جب کہ ملزمان نے چوری کی موٹر سائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر واردات کی جسے گرین ٹاؤن سے چوری کیا گیا تھا۔

پولیس بیان کے مطابق تینوں ملزمان رائیونڈ کے علاقے جلال پورہ میں مقیم تھے، ملزمان کے خلاف رائیونڈ، سندر، مانگا منڈی میں مقدمات درج ہیں، جب کہ ڈرائیور شہباز شریف، حسنین اور شہزاد پولیس حراست میں ہیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں