لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں انکشاف کیا حملہ آوور ایک سے زیادہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سیئنر قائدین کا زمان پارک میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے وزیر آباد حملے کے حوالے سے ابتدائی فرانزک رپورٹ پیش کر دی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک سے زائد حملہ آوروں نے عمران خان کو نشانہ بنایا، حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کےخول حاصل کرلیے گئے۔
اجلاس میں بریفنگ ممیں بتایا گیا کہ حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد اور کنٹینر کو محفوظ کرنے کے بعد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے۔
بریفنگ میں کہنا تھا کہ 3اراکین پرمشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی جائے گی، مقامی پولیس کی جانب سے تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مہیا کی جائیں گی اور حملے کی تحقیقات کےحوالے سے معاملہ آگے بڑھے گا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ابتدائی فرانزک رپورٹ میں ثابت ہو گیا کہ حملہ آوور دو سے زائد تھے اوریہ بیانیہ دم توڑ چکا کہ حملہ آور مذہبی جنونی تھا۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اس واقع کے بعد عمران خان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلائی گئی وزیر آباد کے بعد حافظ آباد میں بھی مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کے خلاف زہر اگلا گیا۔
صوبائی مشیر داخلہ نے کہا کہ وفاق کا جو اختیار ہے وہ استعمال کرے لیکن صوبائی آئی جی کی تعیناتی پنجاب حکومت کا اختیار ہے۔