چلاس : گلگلت بلتستان کے شہر چلاس میں دیامیر کے جنگلات میں لگی آگ 6 روز بعد بھی بجھائی نہ جاسکی ، آتشزدگی سے چلغوزے کے سینکڑوں درخت جل گئے، محدودوسائل کےباعث وسیع رقبے پرلگی آگ بجھانےمیں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیامر کے جنگلات میں لگی آگ 6 روز بعد بھی بجھائی نہ جاسکی ، آگ سے چلغوزے کے سیکڑوں درخت جل گئے جبکہ جنگلی حیات شدیدمتاثر ہوئے۔
محکمہ جنگلات کاعملہ اور مقامی رضاکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم محدودوسائل کےباعث وسیع رقبے پرلگی آگ بجھانےمیں مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے وادی کیلاش کے علاقے بیریئر کے پہاڑوں پر جنگلات میں آگ 9 جون کو لگی تھی جس نے 85 ایکڑ (680) کنال رقبے پر محیط درختوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، ضلعی فاریسٹ افسر چترال فرہاد علی کے مطابق ریسکیو عملے کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ بیریر کے پہاڑوں پر دیار (cedar دیودار) اور شاہ بلوط (Chestnut) کے درخت بہ کثرت پائے جاتے ہیں، جب کہ جنگلی حیات میں مار خور اور مختلف انواع کے قیمتی پرندے بھی ان پہاڑوں میں پائے جاتے ہیں، خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ سے درختوں کے ساتھ ساتھ ان جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔