روس کے جنگلات میں میں لگنے والی آگ نے تباہی مچادی، 6 لاکھ ہیکٹر سے زائد کا رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے خطے مشرقی سائبیریا کے جنگلات میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس سے 6 لاکھ ہیکٹر سے زائد کا رقبہ جل کر راکھ ہوگیا۔
مقامی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روس کے جنگلات میں آگ کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث ہنگامی صورتحال کے نفاذ کا اعلان کردیا، اس وقت 49 مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے جس پر قابو پانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
روسی وزارت برائے ہنگامی صورتحال کے مطابق رواں سال اب تک 14 لاکھ ہیکٹر زمین جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں آ چکی ہے، جو امریکا اور کینیڈا میں اس سال مجموعی طور پر جلنے والے رقبے سے 3 گنا زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق اب تک اس علاقے میں مارچ کے وسط سے 174 بار جنگلات میں آگ بھڑک چکی ہیں، جس میں سے 90 فیصد انسانی غفلت کے باعث لگیں۔
موسمیاتی تبدیلی کے باعث روس میں معمول سے پہلے یعنی مارچ میں ہی آگ بھڑکنے کا آغاز ہو گیا تھا جبکہ ماضی میں یہ مئی سے شروع ہوتی تھی، خشک اور گرم موسم نے حالات کو اس قدر نازک بنا دیا ہے کہ معمولی چنگاری بھی وسیع تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کی ریاست نیوجرسی کے قریب جنگلات میں خوفناک آگ نے ساڑھے 12 ہزار ایکٹر اراضی کو جلا کر راکھ کر ڈالا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے ریاست نیوجرسی کے علاقے پائن لینڈز کے جنگلات میں لگی آگ بیس سال میں سب سے بڑی آگ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
آزاد کشمیر: جنگلات میں لگی آگ سے نایاب نسل کے جانور جل گئے
اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایسی ہی آگ سے 2007ء میں 17 ہزار ایکٹر علاقہ متاثر ہوا تھا جبکہ موجودہ آگ 12 ہزار 500 ایکٹر سے زیادہ رقبہ پر پھیل چکی ہے اور اس پر 40 فیصد تک قابو پایا جا چکا ہے۔