ہفتہ, ستمبر 21, 2024
اشتہار

معصوم بلوچ خواتین دہشت گردوں کی آلہ کار کیوں ؟ بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر کے تہلکہ خیز انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

سابق بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے چشم کشا انکشافات کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو جوش دلانے کیلئے بلوچ خواتین کو بہکا کر گھناؤنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، نوجوانوں سے کہناچاہتا ہوں اپنی زندگی برباد نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق اہم بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر سرفرازبنگلزئی قومی دھارے میں شامل ہوگئے ، سابق بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جب اسکول میں پڑھتے تھے تب سے بی ایس او میں شامل تھا، ہماری بچپن سے ذہن سازی کی گئی جس وجہ سے اس راستے پر نکل پڑا، 2017میں افغانستان چلا گیا تھا، وہاں ہمیں ٹریننگ ملتی تھی۔

سرفرازبنگلزئی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں براہ راست دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلاتا ہے،ٹارگٹ اوراسلحہ فراہم کرتا ہے، بھارت سے ہدایت آتی تھی کہ کارروائیوں کی ویڈیو بھی بناکر بھیجیں اور ہم سے ویڈیو منگوا کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرتا ہے۔

- Advertisement -

بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر نے انکشاف کیا کہ بلوچ خواتین کو بہکا کر جنگ کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو جوش دلایا جائے، بلوچستان کے معاشرے میں خواتین کا بڑا مقام ہے ان کی بڑی عزت ہے، دہشت گرد خواتین کو اپنی ہی سرزمین کےخلاف استعمال کرتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام دہشت گردوں کوڈائریکشن براہ راست بھارت سے آتی ہے بھارت اب دہشت گردی میں خواتین کو استعمال کررہا ہےجو شرم کی بات ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ARY News (@arynewstv)

سابق بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر نے بتایا کہ بھارت بیرون ملک سے سوشل میڈیااکاؤنٹس ہینڈل کرتاہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کرتا ہے، جن کی سائیکل خریدنے کی اوقات نہیں تھی وہ اب باہرعیش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رہنماؤں کے بہکاوے میں آکرنوجوان پہاڑوں میں مشکل زندگی گزار رہے ہیں، نوجوان جن کے بہکاوے میں آتے ہیں وہ باہر عیش کی زندگی گزار رہے ہیں، نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں بہکاوے میں آکراپنی سرزمین سے جنگ نہ کریں ، اپنی قوم اور سرزمین سے کوئی جنگ نہیں کرسکتا،یہ سب پیسے کیلئے ہورہا ہے۔

سرفرازبنگلزئی نے کہا کہ بھارت منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعے میں فنڈنگ کرتا ہے اور ہرٹارگٹ کے لیے لوگوں کوڈالر میں رقم ادا کرتا ہے۔

بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر نے مزید بتایا کہ بھارت کےہینڈلر بچوں کو استعمال کرتےہیں ان کی ذہن سازی کرتے ہیں اور بچوں کو کنٹرول کرکے اہلخانہ کو بلیک میل کرتے ہیں اور جو بچے بہکاوے میں آکر گھر سے نکل جاتےہیں ان کے نام لاپتا لسٹ میں آجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لڑکے کو دہشت گردوں نے خود بلا کر اغوا کیا اور بعد میں قتل کردیا، بھارت کے ہینڈلر لوگوں کو قتل کر کے اس کا الزام بھی ریاست پر لگا دیتےہیں۔

جنرل سرفرازکے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے سرفرازبنگلزئی نے بتایا کہ جنرل سرفراز کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا تھا، جنرل سرفرازکے ہیلی کاپٹرحادثے پر بھی بھارت نے پروپیگنڈا کیا، بھارت نے ہمیں ہدایت کی کہ واقعے کہ ذمہ داری قبول کریں۔

بلوچ علیحدگی پسند کمانڈر نے کہا میں نے جب دہشت گردی کا راستہ چھوڑا تو ریاست نے مجھے گلےلگایا، پہلے افغانستان کی حکومت دہشت گردوں کوکیمپ اوراسلحہ کی سہولت فراہم کرتی ہے ، افغانستان میں آج بھی یہی سلسلہ جاری ہے دہشت گردوں کو وہاں سہولت ملتی ہے۔

انھوں نے نوجوانوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ میں نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کالعدم تنظیمیں انہیں صرف بھتے کیلئے استعمال کرتی ہیں، کالعدم تنظیمیں جسے چاہیں غدار کہہ کرمار دیتی ہیں اور الزام اداروں پر لگا دیتی ہیں۔

افغانستان سے متعلق سرفرازبنگلزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد بڑی تعداد میں ٹریننگ کرتے ہیں کیا نظر نہیں آیا، کئی نوجوان غلط راستہ چھوڑ کر سیدھے راستے پر آئے آج وہ اچھی زندگی گزاررہےہیں، نوجوانوں کے پاس اب بھی وقت ہےغلط راستہ چھوڑیں ریاست گلے سے لگائی گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں