کراچی : سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) سید سجاد علی شاہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) سجاد علی شاہ نجی اسپتال میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے ہیں اُن کے صاحبزادے محمد علی شاہ نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے نوے کی دہائی میں 5 جون 1994 کو بہ طور چیف جسٹس آف پاکستان اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا اور – 2 دسمبر 1997 تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے جس کے دوران کئی اہم تاریخی نوعیت کے فیصلے دیے۔
تاہم اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے اختلافات کے باعث انہیں عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا اور اس کشیدگی کے باعث عدلیہ پر حملے کا واقعہ بھی رونما ہوا تھا۔
سندھ سے تعلق رکھنے والے سجاد علی شاہ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے وہ ایک شریف النفس اور نرم دل رکھنے والے جج تھے جنہوں نے اپنے پورے کیریئر میں عزت اور شہرت کمائی۔
سید سجاد علی شاہ 17 فروری 1933ء کو کراچی, سندھ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے تیرہویں چیف جسٹس آف پاکستان تھے اس سے قبل 13 دسمبرانیس سو نواسی1989 سے 4 نومبر 1990 تک وہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی کام کرتے رہے۔