لاہور: کرکٹ کے لٹل ماسٹر حنیف محمد کا 84واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، گوگل نے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل حنیف محمد کی تصویر سے مزین کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے والے حنیف محمد کو گوگل نے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور آج کا ڈوڈل لٹل ماسٹر کی تصویر سے سجادیا۔
حنیف محمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے طویل اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے جو نوسو ستر منٹ پر محیط تھی، ویسٹ انڈیز کے خلاف اس اننگز میں لٹل ماسٹر نے ٹرپل سینچری بھی بنائی، جو کسی بھی پاکستانی کرکٹر کی ٹیسٹ میں پہلی ٹرپل سینچری تھی۔
حنیف محمد اکیس دسمبر انیس سو چونتیس کو ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے، اپنے سترہ سالہ کیریئر میں انہوں نے پچپن ٹیسٹ کھیلے، انہیں لِٹل ماسٹر کا خطاب دیا گیا۔
حنیف محمد نے پاکستان کا نام کرکٹ کے کھیل میں اس وقت روشن کیا جب سہولیات کی فراہمی دشوار تھی، کھیلوں کا سامان بھی مناسب نہ ہونے کے باوجود انہوں نے کئی بار تن تنہا پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
پاکستان کیلئے ان کے محبت کے قصے زبان زد عام ہیں، بے غرض ہوکر انہوں نے ہمیشہ پاکستان کا سوچا اور ملک کے لیے خوب سے خوب تر کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے سب سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ اننگز کھیلنے والے کھلاڑی کا سرڈان بریڈمین کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، حنیف محمد گیارہ اگست دوہزار سولہ کو اکیاسی برس کی عمر میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے۔