ون ڈے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر ون ڈے سیریز ہرانے پر ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا بڑی کامیابی ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں نے یہ مناظر کمنٹری باکس سے براہ راست دیکھے۔ یہ جیت ٹیم کو بہت زیادہ اعتماد دے گی۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی پاکستان ٹیم 22 سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے پر پوری ٹیم اور قوم کو جیت پر مبارک باد دی ہے۔
ایک اور سابق قومی کپتان محمد حفیظ نے پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا میں سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ان کے میدان میں ہرانے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ ہمیں آپ پر فخر ہے، فاسٹ بولرز کی مدد سے پاکستان یہ سیریز جیتا۔
سابق قومی کپتان اور کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، محمد رضوان اور ٹیم پاکستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آسٹریلیا کے میدان میں پاکستان نے بہترین سیریز جیتی ہے۔
سابق قومی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا میں سیریز جیت کر تاریخ رقم کی، اب کوئی نہیں کہے گا کہ پاکستان آسٹریلیا میں سیریز نہیں جیت سکتا۔
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، میں نے آسٹریلیا کو اس سے قبل کبھی اتنا کمزور نہیں دیکھا۔
انگلینڈ کے سابق مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا کہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف فتح شاندار ہے۔ اسی لیے کہتا ہوں مہ پاکستان کرکٹ کو منفی چیزیں چھوڑ کر ٹیلنٹ پر توجہ دینی چاہیے۔
جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈ کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ مہمان ٹیموں کی جیت کا نیا ٹرینڈ شروع ہو گیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرایا اور اب پاکستان نے آسٹریلیا کو۔
ایلن ولکنز نے بھی گرین شرٹس ٹیم کو سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔