لاہور : سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف پنجاب کے بیوروکریٹس نے تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے گزشتہ روز آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف پنجاب کی بیوروکریسی خم ٹھونک کر میدان میں آگئی۔
گرفتاری کے بعد سرکاری افسران میں ہلچل مچ گئی ہے اور انہوں نے نیب کی اس طرح کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب کی قیادت میں بیورو کریٹس نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، وفد میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریڑی ریگولیشن ودیگر افسران شامل تھے۔
اس موقع پر انہوں نے ایک قرار داد وزیراعلیٰ کے پاس جمع کروا دی ہے، وزیراعلیٰ کو دی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ نیب کا اس طرح احد چیمہ کو حراست میں لینا قابل قبول نہیں، ایسے دباؤ میں انتظامی اختیارات استعمال کرنا مشکل ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں: سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری، نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے
ان کا مزید کہنا تھا کہ احد چیمہ بیورو کریٹ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم منصوبوں کے انچارج بھی ہیں، بیورو کریٹس کے تحفظات سننے کے بعد وزیراعلٰی شہباز شریف نے کل بروز جمعہ پنجاب کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، بیورو کریٹس کے وزیراعلٰی کو لکھے گئے خط کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔