لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احمد چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ احد چیمہ کے وکیل نے دلائل دیے کہ 23 ماہ سے احد چیمہ گرفتار ہے اور ڈیڑھ سال سے ایل ڈی اے سٹی کا ریفرنس ہی نہیں پیش کیا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی کیس کو بند کیا جا رہا ہے، ایل ڈی اے سٹی کیس سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا ہے، ایل ڈی اے سٹی نے تمام متاثرہ افراد کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق اس کیس میں احد چیمہ کی ضمانت منظور کی جائے تو کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے بیان کے بعد ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ کی ضمانت منظور کرلی۔
بعدازاں عدالت نے آشیانہ ہاوسنگ اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثے کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی : سابق ڈی جی ایل ڈی اے گرفتار
یاد رہے کہ 21 فروری 2018 کو قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، احد چیمہ نیب میں طلبی کے باوجود تیسری بار پیش نہیں ہوئے تھے۔