سیئول: کوریا کے سابق گلوکار اور معروف یوٹیوب اسٹار جے کم نے اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
غیرملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اسلام کا مطالعہ کرنا شروع کردیا جس کے بعد انہوں نے کوریا کے مسلمانوں کے ساتھ نہ صرف عید منائی بلکہ اسلام میں موسیقی حرام قرار دیے جانے کے حوالے سے ویڈیو بھی بنائی۔
ایک ہفتے قبل جے کم نے ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سیئول کی مسجد میں موجود تھے اس موقع پر انہوں کلمہ پڑھ کر شہادت دی اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
عیسائی مذہب کو چھوڑ کر اسلام قبول کرنے کے بعد جے کم نے اپنا نام تبدیل کر کے داؤد کم رکھ لیا۔ انہوں نے ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی والدہ کو اسلام قبول کرنے کے حوالے سے نہ صرف آگاہ کررہے تھے بلکہ انہیں قائل کرنے کی بھی کوشش کرتے نظر آئے۔
کم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک کی زندگی میں خوف اور خوشیاں دونوں ہی دیکھیں۔ ’’اب وقت آگیا کہ میں سچے دل کے ساتھ دائرہ اسلام میں داخل ہوجاؤں کیونکہ شرعی تعلیمات کا مطالعہ کرنے کے بعد اسلام مجھے سچا مذہب معلوم ہوا‘‘۔
اسلام قبول کرنے پر اُن کے مداح حیران ہیں مگر کم نے وضاحت پیش کی کہ وہ اپنی والدہ اور مداحوں کو اُسی طرح پیار کریں گے جیسے کرتے تھے کیونکہ اسلام میں محبت کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ بنائی جانے والی ویڈیو میں ماں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، میں انشاء اللہ اسی طرح کام کرتا رہوں گا۔
یاد رہے کہ جے کم کے یوٹیوب پر ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں جبکہ اُن کی مختلف ویڈیو دو لاکھ سے زائد بار دیکھی جاچکی ہیں، فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی اُن کے اکاؤنٹس تصدیق شدہ ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ انہیں فالو کررہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ دنوں اپنی ویڈیو میں صارفین کو بتایا تھا کہ جنوبی کوریا میں اسلام تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور یہاں موسیقی، حلال حرام کھانوں پر اب کھل کر گفتگو ہوتی ہے جس کا مطالب کورین بھی اسلام کی طرف آنا چاہتے ہیں۔