پشاور: سابق گورنر خیبرپختونخواہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)افتخار حسین شاہ نے عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر خیبرپختونخواہ نے چیئرمین تحریک انصاف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر)افتخار حسین شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور ان کی آمد کو تحریک انصاف کے لیے خوش آئند قرار دیا، عمران خان نے اس موقع پر خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں جلسے کا اعلان بھی کیا۔ جلسے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ افتخار حسین کے پاس حکومتی نظام چلانے کا وسیع تجربہ موجود ہے جس سے ہم ضرور استفادہ حاصل کریں گے اور بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پانامہ لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اپوزیشن نے نہیں اٹھایا بلکہ یہ ایک اہم اور عالمی مسئلہ ہے۔
یہ ایک سنہری موقع ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جاسکتا ہے اور ملک میں آئندہ کے لیے کرپشن کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون لاگو کیا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ آف شور کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لیے ملکی پیسہ یا تو چوری کیا گیا ہے یا پھر اُس پیسے پر ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پانامہ لیکس کے حوالے سے تین پہلو موجود ہیں، سب سے پہلا یہ کہ 12 رکنی کمیٹی کے ٹی او آرز مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن جلد از جلد تشکیل دیا جائے۔
دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ الیکشن کمیشن میں کرپٹ افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ایسے تمام افراد کو نااہل قرار دلوایا جائے، تیسرا اہم پہلو یہ ہے کہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو کرپشن کے خلاف سڑکوں پر لایا جائے۔
ایک سوا ل کے جواب میں تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ مختلف بار کونسلز کے وکلاء کی جانب سے بھی ٹی او آرز تشکیل دیئے گئے ہیں انہیں بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان کی صحت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔