اسلام آباد: نیول چیف ظفر محمود عباسی نے سبکدوش ہونے سے قبل اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ نیوی نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا سامنا کیا، ہم ہر وقت ہر طرح کی جنگی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب سے نیول چیف ظفر محمود عباسی نے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمرل امجد خان نیازی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نیوی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 سالوں میں خطے میں عدم استحکام رہا، نیوی نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا سامنا کیا۔ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں پر خصوصی توجہ دی، پاکستان کا چین کے ساتھ مشترکہ تعاون سے کام جاری ہے۔ 3 سال میں بہت سارے چیلنجز دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، پاک بحریہ شاندار کام سر انجام دے رہی ہے، ہم ہر وقت ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، دن اور رات ہر طرح کی جنگی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔
ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کو جدید بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے، نئے جہاز، فریگیٹ گن بوٹس سمیت جدید آلات کو بحریہ میں شامل کیا۔ 4 چینی فریگیٹ اگلے سال بحریہ کا حصہ بن جائیں گے۔ پی این ایس یرموک پاک بحریہ کا حصہ ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ سال کے آخر تک ہو جائے گی، جدید میزائل نیوی کا حصہ بنائے گئے۔ ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
نیول چیف ظفر محمود عباسی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور ان کی جگہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی۔