کراچی: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری مرحوم کی دوسری اہلیہ زریں آرا بخاری انتقال کرگئیں۔
ترجمان زرداری ہاؤس کے مطابق زریں آرا بخاری گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہونے کی وجہ سے کراچی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی والدہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
جمعرات کو آصف زرداری کی والدہ کی نماز جنازہ زرداری ہاؤس میں ادائیگی کے بعد مرحومہ کی آبائی قبرستان بالوجا قبا میں تدفین کر دی گئی، نماز جنازہ میں آصف زرداری، بلاول، مراد علی شاہ اور دیگر شریک ہوئے، ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی اور رؤف صدیقی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد میں تھے، والدہ کے انتقال کی خبر سن کر تمام مصروفیات ختم کرکے کراچی روانہ ہوئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنی دادی زرین آرا کی علالت کے باعث کراچی روانہ ہوئے تھے اور انہوں نے دادی کی علالت کے باعث لاہور کا دورہ منسوخ کیا تھا۔