کراچی: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جیلوں سے نہیں ڈرتی ہے پیپلزپارٹی کے کئی رہنماؤں نے جیلیں دیکھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی، ای سی ایل میں نام ڈالنے پر عدالت کے ریمارکس واضح ہیں، ای سی ایل سے متعلق کابینہ کی نظرثانی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارا احتساب آج سے نہیں کئی سالوں سے چلتا آرہا ہے، قومی اسمبلی کی اسپیکر شپ کے بعد نیب نے دس سال جیل میں بند کیا، پوچھنا چاہتا ہوں 10 سال جیلوں میں رہنے کا حساب کون دے گا، عدالتوں نے مجھے اسی کیس میں باعزت بری کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب یکطرفہ نہیں ہونا چاہئے، پیپلزپارٹی کو 2018 میں سندھ سے زیادہ ووٹ ملے ہیں، سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ دیا ہے۔
یہ پڑھیں: پی ٹی آئی جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں، یوسف رضا گیلانی
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت گرانے، گورنر راج کی باتیں صرف ایک مذاق ہیں، سندھ حکومت گرانے کے لیے پی ٹی آئی کو 49 ممبران کی ضرورت ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کے معاملات پر گفتگو سے گریز کیا اور کہا کہ نواز شریف کے معاملات عدالتوں میں ہیں، اس پر بات نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں، پیپلزپارٹی نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کیں۔